دبئی میں بزم اردو دبئی کا سالانا جلسہ - محفل اردو 2023 منعقد
دبئی میں بزم اردو دبئی کا سالانا جلسہ - محفل اردو 2023 منعقد
معروف اداکارہ اور شاعرہ مینا کماری نازؔ کے حالات زندگی پر مبنی ڈراما "
چلتے چلتے" کی پیشکش
بزم اردو دبئی، نیؤز ڈیسک ، گزشتہ شام دبئی کے ایمرٹس انٹرنیشنل اسکول کے خوبصورت آڈیٹورئم میں بزم اردو دبئی کا سالانہ جلسہ محفل اردو- 2023 منعقد کیا گیا۔
بزم کا یہ دسواں سالانہ جلسہ تھا، جو تین حصوں پر مشتمل تھا۔ پہلے حصے میں بزم کی طرف سے دیئے جانے والے ایوارڈز کی تقریب تھی ۔ 2023 کا جوش اردو ایوارڈ معروف شاعر پروفیسر وسیم بریلوی کو پیش کیا گیا اورکامنا پرساد کو انکی اردو زبان کی خدمات کےلئے علم دار اردو ایوارڈ 2023 پیش کیا گیا۔
اس موقع پر اسٹیج پر بزم کے جنرل سیکریٹری ریحان احمد خاں کے ہمراہ ڈاکٹر بو عبدللہ ، معروف اداکار سچِن پِلگاؤں کر ،بزم کے صدر شکیل احمد خاں اور بزم کے دیگر ممبران موجود رہے۔ اسی موقع پر بزم اردو کے سالانہ مجلّے کی رو نمائی بھی عمل میں آئی۔
دوسرے حصے میں معروف ادکارہ ثانیہ سعید اور سچِن پِلگاؤں کے درمیان مکالمہ ہوا جس کا موضوع مینا کماری نازؔ کے حالات زندگی اور اردو زبان و ادب سے انکی وابستگی تھا۔
تیسرے حصے میں مینا کماری نازؔ کے حالات زندگی اور انکی شاعری پر مشتمل ایک ڈرامہ "چلتے چلتے" پیش کیا گیا جسے معروف ڈرامہ نگار اور ہدایت کار ڈاکٹر سعید عالم نے لکھا تھا۔ ہدایت کاری کے فرائض بھی ڈاکٹر سعید عالم نے ہی ادا کئے۔ ڈرامے میں مینا کماری نازؔ کی شاعری کو سید مہران شاہ نے موسیقی میں ڈھال کر پیش کیا۔
مینا کماری کا کردار ترنم احمد نے نبھایا ۔ مینا کماری کے وہ مشہور ڈانس جو انکی فلمی اداکاری کا شاہکار مانے جاتے ہیں، اس ڈرامے کا حصہ تھے۔ پوری تقرب کی نظامت صائمہ نقوی نے کی۔اس تقریب کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگانا چاہئے کہ آڈیٹورئم آغاز سے آخر تک سامعین سے بھرا ہوا تھا